۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
مسجد جمکران قم میں طلاب برصغیر کی جانب سے جشن منجی عالم بشریت عج کا انعقاد 

حوزہ / ایران کے شہر قم المقدسہ میں روز ولادت حضرت امام زمان عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کی مناسبت سے مسجد جمکران قم میں طلاب برصغیر کی جانب سے جشن منجی عالم بشریت عج کا انعقاد کیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے شہر قم المقدسہ میں روز ولادت حضرت امام زمان عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کی مناسبت سے مسجد جمکران قم میں طلاب برصغیر کی جانب سے جشن منجی عالم بشریت عج کا انعقاد کیا گیا۔ ظہور قائم آل محمد نور الہی ہے۔ جسکا مقصد پورے دنیا سے ظلم و جبر کا خاتمہ اور عدل الہی کا قیام ہے۔ اس وعدہ الہی کا ظہور یقینی ہے۔ اس بات کا اظہار حجہ الاسلام والمسلمین سید ظفر علی نقوی نے منعقدہ پروگرام سے کیا۔

رپورٹ کے مطابق،قم المقدسہ میں 13 شعبان المعظم 16 مارچ 2022ء بروز بدھ بعد از نماز ظہرین مسجد جمکران کی انتظامیہ کے تعاون، دفتر قائد ملت جعفریہ پاکستان قم کی مدیریت اور سفیران مہدویت برصغیر فورم کی میزبانی میں قائم آل محمد، امام مہدی آخر الزمان ع کے یوم ولادت کی مناسبت سے مسجد جمکران کربلاء ہال میں عظیم الشان جشن منجی عالم بشریت عج کا انعقاد کیا گیا۔

سفیران مہدویت برصغیر فورم کی میزبانی میں منعقدہ اس پروگرام میں برصغیر کی تمام ملی و مذہبی تنظیموں منجملہ مجلس وحدت المسلیمین، تحریک بیداری امت مصطفی، جامع روحانیت گلگت بلتستان، جامعہ روحانیت سندھ، جامع روحانیت خیبر پختونخواہ اور جامع روحانیت بلوچستان شامل تھیں۔

اس پروگرام میں برصغیر کے مختلف شعراء و خطباء نے خطابات کئے اور پاکستان بھر کی تمام مذہبی و ملی تنظیموں سمیت مختلف طلبہ تنظیموں میں سے جوامع روحانیت سندھ، گلگت بلتستان، خیبر پختونخواہ و بلوچستان سمیت مختلف دیگر طلبہ تنظیموں، مدارس و طلاب برصغیر حوزہ علمیہ قم اور زائرین کرام نے بھرپور شرکت کی۔

مدیر دفتر قائد ملت جعفریہ پاکستان قم المقدس نے مرکزی و صدارتی خطاب کیا۔ ہند و پاک کے مختلف شعراء کرام اور منقبت خواں طلاب حضرات نے حضرت قائم آل محمد عج کی شان میں اپنی شاعری و قصیدہ گوئی سے شرکاء کو محظوظ کیا۔

جامع روحانیت بلتستان کے تربیت یافتہ بچوں کے گروہ تواشیح کی جانب سے امام ع کی شان میں محفل سرود کا انعقاد کیا گیا۔

یاد رہے کہ اس پروگرام کی مدیریت دفتر نمائندہ ولی فقیہ و قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت علامہ سید ساجد علی نقوی مدظلہ العالی، قم المقدس اور استقالیہ کا شرف دفتر مجلس وحدت المسلمین قم نے حاصل کیا۔ جبکہ نظامت کے فرائض برادر احمد ضمائری نے انجام دئے۔

جشن کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے کیا گیا جس کا شرف برادر بشارت حسین امامی نے حاصل کیا۔ اس کے بعد استقبالیہ کے طور پر دفتر مجلس وحدت المسلمین قم کے مدیر حجہ الاسلام و المسلمین سید شیداء حسین نقوی نے خطاب کیا۔

طلاب ہند کی جانب سے حجة الاسلام والمسلمین سید شمیم رضا نقوی نے خطاب کیا۔ جبکہ ہندو پاک کے مختلف شعراء کرام میں سے طلاب ہندوستان کی جانب سے حجہ الاسلام سید ساجد رضا رضوی، حافظ حسن بنارسی اور طلاب پاکستان کی جانب سے معروف شاعر اہلبیت ع برادر احمد شہریار، برادر عباس ثاقب سمیت ہندو پاک کے متعدد شعراء کرام نے امام عالی مقام کی شان میں اپنی شاعری پیش کی اور برصغیر کے معروف منقبت خواں طلاب میں سے برادر منتظر علی، برادر عاشق معصومی نے امام ع کی شان میں قصیدہ گوئی سے شرکاء کو مستفید کیا۔

طلاب پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے صدارتی و مرکزی خطاب مدیر دفتر نمائندہ قائد ملت جعفریہ پاکستان قم المقدس حجہ الاسلام والمسلمین سید ظفر علی نقوی نے کیا۔

جشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا: ظہور امام مہدی عج نور الہی ہے جو نبوت و امامت کا تسلسل ہے۔ اس نور الہی کا مقصد دنیا سے ظلم و جبر اور جہالت و تاریکی کا خاتمہ اور عدل الہی کا قیام ہے۔ یہ نور الہئ وعدہ الہی ہے جسے اللہ تبارک و تعالی نے اپنی کتاب منزل میں واضح طور پر بیان فرمایا ہے، لہذا تمام اہلیان ادیان الہی بالخصوص مسلمین جہان کا محکم ایمان و عقیدہ ہے کہ اس نور الہی اور وعدہ الہی کا ظہور اور عدل الہی کا قیام یقینی و حتمی ہے۔ اس وعدہ الہی و عدل الہی کے قیام کے لئے ہم سب کی ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم اللہ کی اس پاک راہ میں اپنی کوششیں جاری رکھیں۔

پروگرام سے آخری خطاب میں پاکستان سے تشریف لائے معروف منقبت خواں برادر ذیشان حیدر جعفری نے آل محمد ص اور بالخصوص امام مہدی آخر الزمان عج کی شان میں قصیدے پڑھے اور زیارت و سلام اور دعاء امام زمان عج سے پروگرام کا اختتام کیا گیا۔آخر میں شرکاء کی خدمت میں نیاز حسینی پیش کی گئی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .